جاپانی گاڑی ساز کمپنی مٹسوبشی نے اپنی الیکٹرک گاڑیوں کی لائن اپ میں توسیع کرتے ہوئے نئی گاڑی “اکلپس اسپورٹ بیک” سے پردہ اٹھا دیا ہے۔
اگرچہ یہ ماڈل پہلی نظر میں صارفین کو مانوس محسوس ہو سکتا ہے، تاہم اس کے منفرد ڈیزائن اور جدید اسٹائلنگ نے اسے مارکیٹ میں ایک الگ شناخت دینے کی تیاری کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ نئی گاڑی نسان لیف کے بنیادی پلیٹ فارم پر تیار کی گئی ہے، تاہم اس کے بیرونی ڈیزائن میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
گاڑی کا فرنٹ مکمل طور پر نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں مٹسوبشی کا روایتی تین ہیروں والا لوگو، نئی لائٹس اور مختلف بمپر شامل ہیں جو اسے زیادہ جدید اور اسپورٹی شکل دیتے ہیں۔
پچھلے حصے میں بھی واضح تبدیلیاں کی گئی ہیں، جہاں نسان لیف کی روایتی لائٹس کی جگہ ایل شکل کی نئی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو مخالف سمتوں میں مڑتی ہیں۔ گاڑی کے عقبی دروازے پر بڑے حروف میں کمپنی کا نام نمایاں کیا گیا ہے، جو اس کے ڈیزائن کو مزید جاندار بناتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ماڈل میں وہی بنیادی تکنیکی ڈھانچہ اور موٹر سسٹم استعمال کیے جانے کی توقع ہے جو نسان لیف میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیراری نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک سپورٹس کار متعارف کرا دی
نسان لیف 75 کلو واٹ آور بیٹری اور 214 ہارس پاور برقی موٹر کے ساتھ آتی ہے، اور امکان ہے کہ مٹسوبشی کی یہ نئی گاڑی بھی اسی کارکردگی کے ساتھ پیش کی جائے گی۔
کمپنی نے گاڑی کے اندرونی ڈیزائن کی تفصیلات فی الحال جاری نہیں کیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا کیبن بھی نسان لیف سے کافی حد تک مماثلت رکھ سکتا ہے۔ اسی طرح حتمی فیچرز اور کارکردگی کے اعداد و شمار کا اعلان بھی بعد میں کیا جائے گا۔
قیمت کے حوالے سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ چونکہ نسان لیف کی ابتدائی قیمت تقریباً 31,535 ڈالر کے قریب ہے، اس لیے مٹسوبشی کی یہ نئی الیکٹرک گاڑی بھی اسی قیمت کے آس پاس مارکیٹ میں متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی رواں سال کے دوسرے نصف حصے میں مختلف مارکیٹس میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی، جبکہ مکمل تفصیلات جلد جاری ہونے کی توقع ہے۔





