بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحقین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت لاکھوں مستحقین کے لیے پرانے کیش ادائیگی نظام کو بتدریج ختم کرکے اسے ڈیجیٹل والٹ سسٹم میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

نئے نظام کے پہلے مرحلے میں روایتی کیش ادائیگی کا طریقہ ختم کیا جائے گا، جس کے بعد مستحقین کو لمبی قطاروں اور نقد وصولی کے پیچیدہ عمل سے نجات مل جائے گی۔ مالی امداد براہِ راست بینک اکاؤنٹس یا موبائل والٹس میں منتقل کی جائے گی۔

دوسرے مرحلے میں یہ نظام مکمل طور پر خودکار (آٹومیٹڈ) ہوگا، جس کے تحت مستحق افراد کو کسی دفتر جانے، درخواست دینے یا فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اہل افراد کو ڈیٹا بیس کے ذریعے خودکار طور پر بینک یا موبائل والٹ سے منسلک کیا جائے گا اور انہیں اس عمل کی تکمیل پر اطلاع بھی دی جائے گی۔

تیسرے مرحلے میں مختلف بینکاری اور ڈیجیٹل سروسز کو اس نظام میں شامل کیا جا رہا ہے، جن میں حبیب بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، جازکیش اور ایزی پیسہ جیسے پلیٹ فارمز شامل ہیں۔ ہر ضلع کے حساب سے مستحقین کو مخصوص سروس فراہم کنندہ سے منسلک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : مٹسوبشی نے نئی برقی گاڑی اکلپس اسپورٹ بیک متعارف کرا دی

چوتھے مرحلے میں ادائیگی کے حصول کے لیے بائیومیٹرک تصدیق (انگوٹھے کے نشانات) لازمی قرار دی گئی ہے۔ تصدیق کے بعد مستحقین اپنی رقم بینک برانچز، اے ٹی ایمز یا مجاز ریٹیل پوائنٹس سے حاصل کر سکیں گے۔

پانچویں مرحلے میں اس ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں رقم کی منتقلی، موبائل والٹ کے ذریعے لین دین اور مخصوص دکانوں سے براہِ راست خریداری شامل ہوگی۔

حکام کے مطابق آخری مرحلے میں اگلی قسط کی ادائیگی کا انحصار والٹ سسٹم اور سم انٹیگریشن کی مکمل تیاری پر ہوگا، اسی وجہ سے اگلے ادائیگی کے شیڈول کا اعلان فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس وقت مکمل توجہ بی آئی ایس پی کے ڈیجیٹل والٹ سسٹم کی تیاری پر مرکوز ہے۔

Scroll to Top