اسلام آباد: فیفا ورلڈ کپ میں اگرچہ پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم شرکت نہیں کر رہی، تاہم ملک کے شہر سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹبال ایک بار پھر عالمی کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔
عالمی معیار اور منفرد ڈیزائن کی حامل ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ فٹبال دنیا بھر کے نامور فٹبالرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ میں پاکستانی ساختہ فٹبال کا استعمال نہ صرف ملکی صنعت کے لیے اعزاز ہے بلکہ یہ پاکستان کی اعلیٰ صنعتی صلاحیتوں اور ہنرمند افرادی قوت کے عالمی اعتراف کی بھی علامت ہے۔
سیالکوٹ کے ہنرمند کاریگروں کی مہارت، محنت اور لگن نے ایک بار پھر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کی جانے والی فٹبالز اپنی پائیداری، معیار اور بہترین کارکردگی کے باعث عالمی شہرت رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل واٹس ایپ کا بڑا سرپرائز
ماہرین کے مطابق فیفا ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں پاکستانی فٹبال کا استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی اسپورٹس انڈسٹری عالمی منڈی میں اپنی مضبوط شناخت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
سیالکوٹ کی تیار کردہ فٹبالز نہ صرف بڑے بین الاقوامی مقابلوں کا حصہ بنتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت پہچان کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ کے دوران جب دنیا کی نظریں فٹبال کے سب سے بڑے مقابلوں پر مرکوز ہوں گی تو ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ فٹبال بھی عالمی میدانوں میں اپنی موجودگی کا احساس دلائے گی، جو پاکستانی ہنر، مہارت اور معیار کی ایک اور شاندار مثال ہے۔





