دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایسے غیر ملکی رہائشی افراد کے لیے واضح قوانین اور طریقہ کار موجود ہیں جن کے رہائشی ویزے کی مدت ختم ہو جائے یا ویزا منسوخ کر دیا جائے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق رہائشی ویزا منسوخ ہونے کے بعد غیر ملکیوں کو خصوصی مہلت (گریس پیریڈ) دی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے یا ملک چھوڑنے سے متعلق ضروری اقدامات مکمل کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق ویزا منسوخی کے بعد دی جانے والی مہلت 30 دن سے لے کر 6 ماہ تک ہو سکتی ہے، جس کا انحصار ویزے کی نوعیت اور متعلقہ کیٹیگری پر ہوتا ہے۔
ویزا منسوخی کے فارم میں اس آخری تاریخ کا واضح طور پر ذکر کیا جاتا ہے جس تک متعلقہ فرد کو یا تو نیا ویزا حاصل کرنا ہوتا ہے یا پھر ملک چھوڑنا ہوتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران غیر ملکی شہری نئی ملازمت تلاش کرکے نئے ویزے کے تحت اپنی رہائش برقرار رکھ سکتے ہیں، جبکہ اگر وہ ایسا نہ کر سکیں تو انہیں مقررہ مدت کے اندر قانونی طریقہ کار کے مطابق ملک سے روانہ ہونا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : قومی ٹیم نہیں تو کیا؟ فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان پھر بھی موجود، لیکن کیسے؟
متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی نے اس حوالے سے ایک جدید آن لائن سروس بھی متعارف کر رکھی ہے، جس کے ذریعے افراد اپنے لیے مقررہ گریس پیریڈ کی مدت معلوم کر سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے پاسپورٹ کی تفصیلات، امارات آئی ڈی یا فائل نمبر درج کرکے سرکاری اسمارٹ سروسز پورٹل سے مکمل معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
حکام نے غیر ملکی رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ ویزا منسوخ ہونے کی صورت میں مقررہ مہلت سے آگاہ رہیں اور قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات کریں۔





