وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کا فارم آسان بنانے اور ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے اسکیم کے طریقہ کار کو عوام کے لیے مزید سادہ اور آسان بنانے کے لیے اہم احکامات جاری کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کی دلچسپی انتہائی خوش آئند ہے، اس اقدام سے نہ صرف بے گھر افراد کا خواب پورا ہوگا بلکہ تعمیرات کے شعبے اور اس سے منسلک صنعتوں کو فروغ ملنے سے ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔

عوام کی سہولت اور اسکیم کی رفتار تیز کرنے کے لیے وزیراعظم نے وزارتِ ہاؤسنگ کو اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر اپنا گھر اسکیم کے درخواست فارم کو انتہائی آسان فہم اور سادہ بنانے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام متعلقہ بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موصول ہونے والی درست درخواستوں کی منظوری کے عمل کو تیز کریں۔

زمینوں کے کاغذات کی فراہمی میں تاخیر کا خاتمہ کرنے کے لیے صوبوں کو ضلعی سطح پر خصوصی سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسکیم کے فوائد عام آدمی تک پہنچانے کے لیے ملک گیر سطح پر آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، قرضے اور اقساط کی تفصیلات سامنے آگئیں

اجلاس میں وزیراعظم کو اسکیم کی اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر 11 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر سے اب تک 67 ہزار 900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن میں سے 16587 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ 3146 افراد کو قرضوں کی ادائیگی بھی ہو چکی ہے۔

حکام نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے عمل کو مزید شفاف اور تیز بنانے کے لیے ڈیجیٹل ہب اور دیگر جدید اقدامات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top