اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں رواں مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے مطابق مجموعی کھپت میں 3.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ سیکٹر کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 6.7 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس شعبے کا ایندھن کی مجموعی طلب میں حصہ 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 1 کروڑ 12 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔
اس کے برعکس صنعتی شعبے میں ایندھن کی کھپت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جو 42.6 فیصد کم ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن رہ گئی۔ صنعتی شعبے کا مجموعی کھپت میں حصہ 3.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ، کونسا صوبہ پہلے نمبر پر ہے؟
دوسری جانب ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عالمی توانائی بحران اور بین الاقوامی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان میں ایندھن، بجلی اور ضروری اشیائے خورونوش کی سپلائی مستحکم رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ایندھن کے کم از کم چار ہفتوں کے ذخائر برقرار رکھے اور ملک بھر میں سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنایا۔ اس مقصد کے لیے قومی رابطہ و انتظامی کونسل بھی تشکیل دی گئی۔
حکام کے مطابق تیل، اشیائے ضروریہ، زرمبادلہ کے ذخائر اور سپلائی چین کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کے لیے ریئل ٹائم ڈیش بورڈز متعارف کرائے گئے ہیں، جن سے فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔





