چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں ان کی جماعت کے مینڈیٹ کو چوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس معاملے پر وہ خاموش نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو مستعفی ہونا چاہیے، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حقِ حکمرانی اور حقِ روزگار دلانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی مداخلت یا زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والوں کے مطالبات بھی ان کے لیے قابلِ فہم ہیں اور ان کی جماعت نے موجودہ بجٹ میں آزاد کشمیر کے لیے سٹی اسپتال کے فنڈز رکھنے کی تجویز دی ہے، اسی طرح میرپور میں ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے بھی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ ایران امن معاہدہ اتنا قریب نہ تھا جتنا آج ہے: وزیر اعظم شہباز شریف
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تمام احتجاج قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اور پرامن انداز میں ہونے چاہییں، ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ یہ سفارتی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں، کیونکہ ممکنہ معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کا باعث بنے گا بلکہ پاکستان کی معاشی صورتحال میں بھی بہتری لا سکتا ہے۔





