سونے کی قیمتوں میں نیا موڑ، سستا ہوا یا مہنگا؟عالمی منڈی سے صبح صبح اہم خبرآگئی

سونے کی قیمتوں میں نیا موڑ، سستا ہوا یا مہنگا؟عالمی منڈی سے صبح صبح اہم خبرآگئی

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں منگل کے روز نسبتاً مستحکم رہیں، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے ابتدائی امن معاہدے کی مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4315.87 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں 3.6 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ 5 جون کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب اگست میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 4337.10 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتے رہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، تاہم معاہدے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ دونوں ممالک نے مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کے لیے مزید مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کار ایڈورڈ میئر کے مطابق ایران سے متعلق پیش رفت کے بعد گزشتہ ہفتے کے اختتام سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ جمعے کو متوقع دستخطی تقریب تک اس رجحان میں مزید تیزی آنے کا امکان موجود ہے۔

ادھر سرمایہ کاروں کی توجہ جاپان کے مرکزی بینک اور امریکی فیڈرل ریزرو کے آئندہ پالیسی فیصلوں پر بھی مرکوز ہے۔ ماہرین کے مطابق فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں فوری تبدیلی کا امکان کم ہے، تاہم مرکزی بینک حکام کے بیانات عالمی مالیاتی منڈیوں اور سونے کی قیمتوں کی آئندہ سمت کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top