ملک بھر میں موٹر سائیکل سواروں، کسانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی فیول سبسڈی ختم

حکومت نے ملک بھر میں مختلف طبقات کو دی جانے والی فیول سبسڈی کو مکمل طور پر ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ اہم فیصلہ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ہونے والے فیول سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف نے دے دی ہے۔

کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اب موٹر سائیکل سواروں، رکشہ مالکان، چھوٹے کسانوں، عوامی ٹرانسپورٹ (پبلک ٹرانسپورٹ) اور مال بردار (گڈز) ٹرانسپورٹ کو ملنے والی تمام فیول سبسڈیز ختم کر دی گئی ہیں۔

یہ سبسڈی چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دی جا رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کا 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان

حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے جس کا فائدہ پہلے ہی (قیمتوں میں کمی کی شکل میں) صارفین کو منتقل کیا جا چکا ہے اس لیے اب اس سبسڈی کو برقرار رکھنے کا جواز نہیں رہتا۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کو 50 سے 100 روپے فی لیٹر تک کی رعایت ملتی تھی۔

اسی طرح پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ والوں کو ماہانہ 70 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک کی خطیر سبسڈی دی جاتی تھی تاکہ عوام کے لیے کرائے کم رکھے جا سکیںجبکہ چھوٹے کاشتکاروں کو فصلوں کی کاشت کے لیے ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جا رہی تھی، جو اب فوری طور پر بند کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top