مردان میں اراضی تنازعہ خونریز تصادم میں تبدیل، 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق
ضلع مردان کے علاقے گمبت کے کھنڈرات میں اراضی کے تنازعے پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 55 سالہ اجمل، ان کی اہلیہ اور بہو موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق مقتولین کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے بالا گڑھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اجمل کے بیٹے ضیاد علی کی مدعیت میں پانچ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر اراضی کے تنازعے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔





