پاکستان میں موسم گرما کے دوران عام دستیاب جامن نہ صرف ذائقے دار پھل ہے بلکہ اسے صحت کیلئے بھی انتہائی مفید سمجھا جاتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق جامن میں پانی، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، کیلشیئم، آئرن، میگنیشیم، فاسفورس، پوٹاشیم، سوڈیم، وٹامن سی، وٹامن بی اور وٹامن اے سمیت متعدد غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو جسم کے مختلف افعال کیلئے فائدہ مند ہوتے ہیں۔
جامن کو خاص طور پر ذیابیطس کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کیلئے مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس میں موجود اجزا بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں جبکہ ذیابیطس سے جڑی بعض علامات میں بھی بہتری لانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جامن میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے دل کی صحت بہتر بنانے میں معاونت مل سکتی ہے۔
جامن میں موجود وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے، جلد کو بہتر رکھنے اور جسم کو مضر اثرات سے تحفظ دینے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ پھل نظام تنفس کیلئے بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے، جبکہ وٹامن سی کی موجودگی موسمی نزلہ، زکام اور کھانسی سے نمٹنے میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اگر آپ صبح نہار منہ پانی پیتے ہیں تو یہ خبر ضرور پڑھ لیں
جامن میں کیلشیئم اور فاسفورس جیسے اجزا دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت کیلئے مفید ہوتے ہیں، جبکہ فائبر اور پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے اور قبض کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جامن میں موجود آئرن خون کی کمی پر قابو پانے میں مدد فراہم کر سکتا ہے جبکہ اس کے اینٹی آکسائیڈنٹس جسمانی ورم کم کرنے میں بھی معاون ہوتے ہیں۔
گرم موسم میں جامن کا استعمال جسم کو پانی کی کمی سے بچانے میں مدد دیتا ہے، تاہم زیادہ مقدار میں کھانے سے بعض افراد کو تیزابیت یا سینے میں جلن کی شکایت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی غذا کو علاج کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے، صحت سے متعلق مسائل میں ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔





