وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزارتِ ریلوے کا چارج سنبھالتے ہی عید کے موقع پر عوام کے لیے بڑی خوشخبری دی ہے۔
وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ وہ عید کے دوران چار خصوصی ٹرینیں چلائیں گے اور مسافروں کو 20 فیصد تک کرایوں میں ریلیف دیں گے۔ یہ سپیشل ٹرینیں 25 رمضان سے چلائی جائیں گی۔
حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے انتظامیہ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ٹرینوں کی پرائیویٹائزیشن کے حوالے سے جو پالیسیز ہیں، ان پر عمل کیا جائے گا اور ریلوے سٹیشنز پر موجود خراب اسکینرز کی مرمت کر کے اسمگلنگ اور چوری کے واقعات کو روکا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا اور اس کا انتظام سی ٹی ڈی کی طرح مضبوط کیا جائے گا۔
حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ وہ کارگو کے شعبے میں دوگنا اضافہ کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے مختلف ممالک سے بات چیت چل رہی ہے۔
وزیر ریلوے نے کرپشن کے حوالے سے بھی سخت موقف اپنایا اور کہا کہ ان کی حکومت کرپشن کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان ریلوے: ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ملازمین کے تبادلوں کے اختیارات تفویض
مزید یہ کہ وہ محکمے کے لیے ٹارگٹ سیٹ کریں گے تاکہ کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ چائنہ کو 245 کوچز کے آرڈر دیے گئے ہیں اور پاکستان میں اپنی کوچز اور لوکوموٹو بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جو وعدے کیے تھے، وہ پورے ہوئے ہیں اور ملک کی معیشت میں بہتری کے واضح آثار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کیا ہے، اور اب انٹرسٹ ریٹ کو کم کر کے 12 فیصد پر لے آیا گیا ہے۔
آئندہ چھ ماہ میں انٹرسٹ ریٹ کو سنگل ڈیجٹ میں لے آیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ترسیلات زر 18 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں اور حکومت کا ہدف 35 ارب ڈالر ہے۔