بجٹ عوام دوست نہ ہوا تو بھرپور مخالفت کریں گے،اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد

شاہدجان
خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان کی زیرِ صدارت اپوزیشن کا اہم پارلیمانی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، آئندہ بجٹ اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے حکومت کے اقدامات اور صوبائی امور پر مشترکہ حکمتِ عملی طے کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان نے واضح کیا کہ اگر حکومت کا آئندہ بجٹ عوام دوست نہ ہوا تو ایوان کے اندر اور باہر اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوامی مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کے اقدام کو تسلیم نہیں کرے گی اور حکومت کی کمزوریوں سمیت تمام غیر آئینی اقدامات کو ہر فورم پر بے نقاب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ نے بجٹ کی منظوری دے دی

ڈاکٹر عباداللہ خان نے ارکانِ اسمبلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا بنیادی مقصد عوامی حقوق کا تحفظ اور آئین کی بالادستی ہے۔ صوبے کے حقوق اور عوام کو درپیش مسائل پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی جبکہ کرپشن اور صوبائی مفادات کے منافی اٹھائے جانے والے ہر سرکاری قدم پر سخت تنقید کی جائے گی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کرنا سیاسی عمل کا ایک فطری حصہ ہے۔ ایسی ملاقاتوں کو غیر ضروری رنگ دینا کسی طور مناسب نہیں۔

انہوں نے ارکان کو یقین دلایا کہ اپوزیشن مکمل طور پر متحد اور اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی بہتری کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور اپوزیشن ایوان میں اپنا آئینی، جمہوری اور مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

Scroll to Top