وفاقی حکومت کا کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے ملک میں نافذ کفایت شعاری کے اقدامات ختم کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ کاروباری اوقات کار کو برقرار رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفیکیشن جاری کردیاہے۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق رواں سال 9 مارچ سے نافذ کی جانے والی تمام اضافی پابندیاں فوری طور پر واپس لے لی گئی ہیں۔

نئے احکامات کے تحت اب ملک بھر میں مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے ہی بند کیے جائیں گےجبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات کو رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے تک اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں گےجبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو بندش کے ان اوقات کار سے مکمل طور پر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

حکومتی فیصلے کے مطابق عوامی سہولت کے پیش نظر فارمیسیز، ہسپتال، لیبارٹریز اور کلینکس چوبیس گھنٹے کھلے رہ سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی سی این جی پمپس، الیکٹرک وہیکل (EV) چارجنگ اسٹیشنز، بیکریز، تندور، آئی ٹی کمپنیوں، کال سینٹرز اور کھیلوں کی سہولیات کو بھی وقت کی کسی بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

کابینہ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ بحران سے قبل نافذ کیے گئے کفایت شعاری کے دیگر اقدامات بدستور برقرار رہیں گے۔

Scroll to Top