شہزاد نوید
سوات کے تھانہ خوازہ خیلہ پولیس نے بیراڑئی کے علاقے میں رونما ہونے والے قتل کے واقعے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو قتل کرنے والے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطا بق تھانہ خوازہ خیلہ پولیس کو بیراڑئی میں ایک خاتون کے قتل کی اطلاع موصول ہوئی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مقتولہ کے بھائی نورالاسلام کی مدعیت میں مقتولہ کے شوہر قدردان باچا، دیورانی اور بھتیجے نظیر اللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا جس پر ایس ایچ او تھانہ خوازہ خیلہ محمد آیاز خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا ، بنوں سے افسوسناک خبر آگئی ،7 افراد جان کی بازی ہار گئے
ترجمان سوات پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ کے بھتیجے ملزم نظیر اللہ نے گھریلو ناچاقی کی بناء پر اپنے چچا اور اپنی والدہ کے اکسانے پر چچی کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کی نشان دہی پر واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔





