بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

کوہلو: بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہلو سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال میں واقع تھا۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ تاہم متعلقہ اداروں کے مطابق کسی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ کوہلو میں گزشتہ روز بھی زلزلے کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز پہلا زلزلہ صبح 10 بج کر 25 منٹ، دوسرا 10 بج کر 58 منٹ جبکہ تیسرا جھٹکا شام 4 بج کر 49 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : وینزویلا میں تباہ کن زلزلے، ہلاکتوں کی تعداد 920 تک پہنچ گئی، ہزاروں زخمی

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز آنے والے تیسرے زلزلے کی شدت 5.1 جبکہ گہرائی 17 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

گزشتہ روز کوہلو کے علاوہ ژوب، بارکھان اور راکھنی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے باعث علاقے کے مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

Scroll to Top