افغانستان پھر ناکام، بھارت نے تیسرے ون ڈے میں بڑی فتح سمیٹ کر سیریز اپنے نام کر لی

افغانستان پھر ناکام، بھارت نے تیسرے ون ڈے میں بڑی فتح سمیٹ کر سیریز اپنے نام کر لی

یشسوی جیسوال کی شاندار سنچری، بھارت نے افغانستان کو وائٹ واش کر کے سیریز 0-3 سے جیت لی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے افغانستان کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم بھارتی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے چند بلے بازوں نے مزاحمت کی کوشش کی، تاہم بھارتی باؤلنگ اٹیک نے مسلسل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے حریف ٹیم کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔

219 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدا ہی سے افغان باؤلرز کو دباؤ میں رکھا۔ نوجوان بلے باز یشسوی جیسوال نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 110 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔

جیسوال نے اپنی دلکش اننگز کے دوران میدان کے چاروں جانب خوبصورت اسٹروکس کھیلے اور افغان باؤلرز کو کوئی موقع نہ دیا۔ ان کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا اور مقررہ اوورز سے 128 گیندیں قبل میچ اپنے نام کر لیا۔

اس شاندار فتح کے ساتھ بھارت نے نہ صرف آخری ون ڈے جیتا بلکہ افغانستان کو سیریز میں کلین سوئپ کرتے ہوئے 3-0 سے وائٹ واش بھی کر دیا۔ سیریز کے دوران بھارتی ٹیم نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کی بہترین فارم اور متوازن ٹیم کمبی نیشن بھارت کے لیے آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حوصلہ افزا ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ افغانستان کو اپنی بیٹنگ لائن اور درمیانی اوورز کی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہوگی۔

Scroll to Top