خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے طول و عرض اور ملک کے دیگر حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ شام 6 بجکر 35 منٹ پر آیا، جس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش خطہ تھا۔ زلزلے کی گہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے اثرات اسلام آباد، راولپنڈی، مانسہرہ، شانگلہ، سوات اور چکوال تک محسوس کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر بالا، لوئر دیر، نوشہرہ، لکی مروت، کوہاٹ، بونیر، مہمند، پشاور، کالام، باجوڑ، بنوں، ایبٹ آباد، رستم، کرک اور اورکزئی میں زلزلے کے انتہائی شدید جھٹکے رپورٹ ہوئے ہیں۔

بونیر اور اورکزئی سمیت متعدد علاقوں میں خوف کے مارے لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں زلزلہ، بارکھان اور موسیٰ خیل میں 20 افراد زخمی

ترجمان ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا بلال احمد فیضی کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیںتاہم ابتدائی طور پر کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ریسکیو 1122 نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا حادثے کی صورت میں فوری طور پر ان کے ایمرجنسی نمبر 1122 پر رابطہ کریں۔

متعلقہ اضلاع میں امدادی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے پر فوری ریسپانس دیا جا سکے۔

Scroll to Top