بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، کہیں ہلکی بارش تو کہیں بوندا باندی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: شدید گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی، موسم نے کروٹ بدل لی ہے اور کئی علاقوں میں بادل چھا گئے ہیں جبکہ بعض مقامات پر بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران مذاکرات میں اہم پیش رفت، خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

بلوچستان کے علاقوں تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں بھی موسم کی تبدیلی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے ممکنہ خطرے سے بھی خبردار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ادارے نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھنے جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Scroll to Top