عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے روسی نوجوان فٹبال ٹیم کی بین الاقوامی مقابلوں میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر 2026 میں آذربائیجان میں منعقد ہونے والا انڈر-15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول فیفا کے تمام رکن ممالک کے لیے کھلا ہوگا۔
فیفا کے مطابق 22 سے 31 اکتوبر تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں اور مقابلوں کے فارمیٹ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اگرچہ روسی قومی ٹیموں اور کلبوں پر 2022 سے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی برقرار ہے، تاہم روسی فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل نہیں کی گئی۔
روس نے فیفا کے اس اعلان کو اپنی عالمی فٹبال میں واپسی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے، روسی وزیر کھیل میخائل ڈیگتیاریوف نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ فیصلہ روسی ٹیموں کی بین الاقوامی کھیلوں میں واپسی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا نے نیپال فٹبال ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل کر دی
واضح رہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد روسی ٹیموں اور کھلاڑیوں پر مختلف عالمی کھیلوں میں پابندیاں عائد کی گئی تھیں تاہم حالیہ عرصے میں بعض بین الاقوامی کھیلوں کی تنظیموں نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر عائد پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی بھی شروع کر دی ہے۔





