متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیےاہم خبر

مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی اور فضائی پروازوں کے تعطل کے باعث سفری و اقامتی مشکلات سے دوچار غیر ملکیوں کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے ایک بڑا ریلیف پیکیج جاری کر دیا ہے۔

یو اے ای میں ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پاکستانیوں سمیت تمام غیر قانونی تارکینِ وطن کو اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کا ایک آخری موقع دیتے ہوئے 30 دن کے گریس پیریڈ (خصوصی رعایت) کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق، اماراتی حکام نے امیگریشن ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے ایک جامع ایمنسٹی (عام معافی) اسکیم متعارف کروائی ہے۔ یہ اسکیم رواں ماہ 10 جون سے نافذ العمل ہو چکی ہے جو کہ 9 جولائی تک برقرار رہے گی۔

اسکیم کی تفصیلات کے مطابق وہ تمام غیر ملکی جن کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں، یا جو بغیر اجازت امارات میں مقیم ہیں، وہ اس ایک ماہ کے دوران کسی بھی قسم کے بھاری جرمانے یا عدالتی کارروائی کا سامنا کیے بغیر اپنے کاغذات کو قانونی شکل دے سکتے ہیں یا پھر بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے وطن واپس لوٹ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں کاروبارکےخواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام غیر قانونی مقیم افراد کو مستقبل کے بلیک لسٹنگ اور سنگین ویزا مسائل سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے بیورو آف امیگریشن نے یو اے ای میں موجود اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سنہری موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں اور 9 جولائی کی ڈیڈ لائن سے قبل متعلقہ اماراتی دفاتر سے رجوع کر کے اپنے اقامتی امور درست کریں یا قانونی طریقے سے وطن واپسی کی راہ اپنائیں۔

Scroll to Top