یورپ بھر میں شدید ہیٹ ویو برقرار، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ میں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

یورپ کے مختلف ممالک میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور متعدد ممالک میں درجہ حرارت جون کے تاریخی ریکارڈز سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔

برطانیہ میں پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سوئٹزرلینڈ میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جسے ماہرین موسم غیر معمولی قرار دے رہے ہیں۔

فرانس میں شدید گرمی کے دوران مختلف واقعات میں ڈوبنے سے ہلاکتوں کی تعداد 48 تک پہنچ گئی ہے جبکہ جرمنی میں بھی 20 افراد نہانے کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔

شدید گرمی کے باعث فرانس میں ساڑھے 13 ہزار جبکہ برطانیہ میں ایک ہزار سے زائد اسکول بند کر دیے گئے ہیں جس سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی کا زور برقرار، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

اسی طرح جرمنی، آسٹریا، اٹلی اور چیک ریپبلک میں بھی ہیٹ ویو کے باعث ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے یورپ کے کئی ممالک میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top