سگریٹ نوشی کو صحت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا جاتا ہے اور یہ ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں اموات کا سبب بنتی ہے، تاہم بعض سائنسی تحقیقات میں سگریٹ نوشی اور پارکنسنز بیماری کے خطرے میں کمی کے درمیان ایک حیران کن تعلق سامنے آیا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والے افراد میں پارکنسنز بیماری کا خطرہ بعض مطالعات میں 30 سے 40 فیصد تک کم دیکھا گیا ہے۔
تاہم ماہرین واضح کرتے ہیں کہ اس تعلق کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ سگریٹ نوشی بیماری سے بچاؤ کا محفوظ یا مؤثر طریقہ ہے۔پارکنسنز ایک اعصابی بیماری ہے جس میں دماغ کے ڈوپامین پیدا کرنے والے خلیے متاثر ہوتے ہیں۔
اس مرض میں مریض کے ہاتھ پاؤں کانپنے لگتے ہیں، چلنے پھرنے کی رفتار سست ہوجاتی ہے، چہرے کے تاثرات متاثر ہوتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ روزمرہ زندگی کے کام انجام دینا مشکل ہوجاتا ہے۔
سائنسدانوں نے اس تعلق کی ممکنہ وجوہات میں نکوٹین، کاربن مونو آکسائیڈ اور تمباکو میں موجود بعض کیمیائی اجزا کو شامل کیا ہے۔ ان کے مطابق نکوٹین دماغ میں ڈوپامین کے نظام کو متاثر کرتی ہے، جبکہ بعض مطالعات میں کاربن مونو آکسائیڈ کی انتہائی کم مقدار کے ممکنہ حفاظتی اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملکی تاریخ کا سب سے بڑا 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا
تحقیقی ماہرین کے مطابق تمباکو میں موجود بعض اجزا ایم اے او بی (MAO-B) نامی انزائم کی سرگرمی کو بھی متاثر کرسکتے ہیں، جو دماغ میں ڈوپامین کو توڑنے کے عمل میں کردار ادا کرتا ہے۔
تاہم ان نتائج کو سگریٹ نوشی کے حق میں دلیل نہیں بنایا جاسکتا، کیونکہ سگریٹ پھیپھڑوں کے سرطان، دل کی بیماریوں، فالج اور متعدد دیگر جان لیوا امراض کا بڑا سبب ہے۔ سائنسدان اس ممکنہ تعلق کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔





