کراچی:توانائی کے شعبے میں جاری حکومتی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جس کے تحت ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی (مائع پیٹرولیم گیس) بردار بحری جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن گیس کا ریکارڈ ذخیرہ لے کر کراچی کے پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات اور وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کی نگرانی میں متعارف کرائی گئی نئی پالیسیوں کے تحت یہ تاریخی پیشرفت ممکن ہوئی ہے۔ ایل پی جی کا یہ دیو ہیکل کارگو پورٹ قاسم پر واقع اینگرو ووپاک ٹرمینل پر پہنچا، جسے ملک میں گیس کی طلب و رسد میں توازن لانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
نئے نظام کے تحت درآمد کیے جانے والے اس پہلے بڑے کارگو کے استقبال کے لیے پورٹ قاسم پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو سستے داموں اور بلاتعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا میں ایپل، جے پی مورگن اور این ایس اے کے سسٹمز میں تکنیکی خرابی، ہزاروں صارفین پریشان
ان کا کہنا تھا کہ 15 ہزار میٹرک ٹن کا یہ ریکارڈ کارگو پاکستان کے ایل پی جی سیکٹر میں ایک نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف مقامی مارکیٹ میں گیس کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ مصنوعی مہنگائی کے خاتمے اور قیمتوں میں استحکام لانے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ماضی میں پیچیدہ ریگولیٹری رکاوٹوں اور پالیسی مسائل کے باعث سرکاری ادارے ایل پی جی کی درآمد سے گریزاں تھے۔
تاہم موجودہ حکومت نے ان رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اب سرکاری کمپنیوں کو پابند کیا ہے کہ وہ ایل پی جی کی درآمدی مارکیٹ میں فعال اور قائدانہ کردار ادا کریں تاکہ صارفین کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





