سلمان علی خان
بنوں کی تحصیل میریان میں ایک رہائشی مکان پر مارٹر گولہ گرنے سے خاتون جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہو گئی ہے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق تحصیل میریان میں نامعلوم سمت سے آنے والا مارٹر گولہ ایک گھر پر گرا جس کے نتیجے میں مکان کو شدید نقصان پہنچا اور وہاں موجود خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ بچی زخمی ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق خاتون کی میت اور زخمی بچی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی بچی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بنوں فائرنگ واقعے پر آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی
اس سے قبل آج بنوں کے علاقے شابری بھرت، تھانہ ککی کی حدود میں مبینہ طور پر خواتین کے تنازع پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ بھی پیش آیا ہے جس میں چار افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون، ان کے دو بیٹے اور ایک اور شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔





