مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے ریلیف، ٹرانسپورٹرز نے خوشخبری سنادی

اسلام آباد: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کی جائے گی۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر حکومت کے مشکور ہیں، اسی فیصلے کے پیش نظر ٹرانسپورٹرز نے عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بھی گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک کے مفاد میں اپنی گاڑیاں نقصان برداشت کرتے ہوئے چلائیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی؟ گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا بیان

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وفاقی بجٹ 2026-27 میں ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس، موٹروے پولیس کے ای چالان سمیت دیگر ٹیکسز میں ریلیف فراہم کریں۔

ملک شہزاد اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری ملکی خزانے میں بڑی تعداد میں ٹیکس ادا کرتی ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ٹرانسپورٹرز کو اس کے مطابق سہولتیں بھی فراہم کرے۔

Scroll to Top