اے این پی کا اہم اجلاس، شہید مولانا خانزیب کی برسی کے حوالے سے بڑا اعلان

باجوڑ: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) باجوڑ کی ضلعی کونسل کا اجلاس ایم پی اے نثار باز کی رہائش گاہ پر ضلعی صدر گل افضل خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، عوامی مسائل اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں اے این پی کی مرکزی کونسل کے رکن شیخ جہانزادہ، ایم پی اے نثار باز، ضلعی کونسل کے ارکان، ضلعی کابینہ اور مختلف تحصیلوں کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے ضلع باجوڑ میں امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ پارٹی کی تنظیمی فعالیت کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں شہید مولانا خانزیب کی برسی کے حوالے سے خصوصی مشاورت کی گئی، جس کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 10 جولائی کو شہید مولانا خانزیب کی برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹروں کی بھرتیوں سے متعلق شکایات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوٹس

اس موقع پر مختلف تقریبات اور پروگراموں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا، جن کا مقصد شہید مولانا خانزیب کی سیاسی جدوجہد، خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہوگا۔

ضلعی صدر گل افضل خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

اجلاس میں باجوڑ کے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ 10 جولائی کو منعقد ہونے والی برسی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے شہید مولانا خانزیب کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔

Scroll to Top