ملک بھر میں بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا الرٹ، این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کر دی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
الرٹ کے مطابق پنجاب کے اضلاع میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، شیخوپورہ، قصور، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، حاصل پور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادیٔ نیلم، پونچھ، باغ، حویلی، کوٹلی اور میرپور سمیت گلگت بلتستان کے گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، غانچے، شگر اور کھرمنگ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ میں کمی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہوائیں کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور دیگر کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں، بالخصوص مسافروں، کسانوں اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔





