سلمان یوسفزئی
پشاور: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے )خیبرپختونخوا کے جنرل کونسل اجلاس میں ڈاکٹروں کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کے مطالبات کے حق میں مرحلہ وار احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وائی ڈی اے کے مطابق اجلاس میں صوبے بھر کے ضلعی صدور، جنرل سیکرٹری اور چیئرمین سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکا نے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے حالیہ مذاکرات کے دوران ہاؤس آفیسرز اور ٹریننگ میڈیکل آفیسرز کی تنخواہوں میں 40 سے 50 فیصد اضافے، ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس اور محکمہ صحت و ایم ٹی آئی ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم بجٹ میں ان مطالبات کو شامل نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کی ایم آر آئی مشین کل فعال ہو جائے گی، ترجمان
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مطالبات کے حق میں مرحلہ وار احتجاج کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پیر کے روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، منگل کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور جبکہ بدھ کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف مراکز میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
وائی ڈی اے نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا، دیگر احتجاجی اقدامات اور صوبہ بھر میں سروسز کے بائیکاٹ سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کے حقوق کے تحفظ اور اپنے مطالبات کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔





