سونا پھر بے قابو، عالمی منڈی میں قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

سونا پھر بے قابو، عالمی منڈی میں قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں پھر بلند، فی اونس قیمت 4,000 ڈالر کی سطح سے اوپرچلی گئی ہے ۔

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد فی اونس قیمت دوبارہ 4,000 ڈالر کی سطح سے اوپر چلی گئی ہے۔ تازہ رجحان کے مطابق سونے کی قیمت میں تقریباً 1.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے قیمتی دھات کو ایک بار پھر اس اہم نفسیاتی حد سے اوپر پہنچا دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بدھ کے روز سونے کی قیمتیں نومبر کے بعد پہلی بار 4,000 ڈالر فی اونس سے نیچے آگئی تھیں، تاہم مارکیٹ میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے بعد قیمتوں نے دوبارہ اوپر کی سمت اختیار کر لی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق امریکی معاشی اعداد و شمار میں پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچر (پی سی ای) پرائس انڈیکس میں اضافہ توقعات سے کم رہا، جس کے بعد امریکی ٹریژری بانڈز کی پیداوار میں کمی دیکھی گئی۔ تاہم اسی عرصے میں آمدنی اور اخراجات کے اعداد و شمار توقعات سے بہتر رہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کم افراطِ زر کے اشاروں نے یہ توقعات مزید مضبوط کر دی ہیں کہ امریکی فیڈرل ریزرو شرحِ سود میں آئندہ سخت یا جارحانہ اضافہ نہیں کرے گا۔ اس امکان کے باعث عالمی سطح پر سونے کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور مالیاتی پالیسیوں میں تبدیلی کے خدشات کے باعث سرمایہ کار ایک بار پھر سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر ترجیح دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں یہ اضافہ سامنے آیا ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو سونے کی قیمتیں آئندہ دنوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا شکار رہ سکتی ہیں۔

Scroll to Top