سعودی عرب اور فرانس میں فضائی حادثات، 25 افراد جان کی بازی ہار گئے

سعودی عرب اور فرانس میں پیش آنے والے دو الگ الگ فضائی حادثات میں مجموعی طور پر 25 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ دونوں واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے شہر راس تنورہ میں آئل کمپنی آرامکو کا ایک ہیلی کاپٹر اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 6 بجے گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جن میں تمام سعودی شہری شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا گیا ہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب صرف دو روز قبل آرامکو نے خلیج میں واقع اپنے راس تنورہ آئل ٹرمینل پر خام تیل کی لوڈنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا تھا، جو ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے باعث تقریباً چار ماہ سے معطل تھا۔

یہ بھی پڑھیں : 50 ہزار طلبا کے لیے بڑی خوشخبری، 5 لاکھ روپے تک بلا سود قرضوں کا اعلان

دوسری جانب فرانس کے شمال مشرقی علاقے کے قصبے ٹومبلین میں بھی ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حکام کے مطابق پیراشوٹ تربیتی ادارے سے تعلق رکھنے والا طیارہ نانسی-ایسے ایئر فیلڈ سے پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے میں پائلٹ سمیت تمام 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ طلبہ اور پانچ انسٹرکٹرز بھی شامل ہیں، جو تربیتی پرواز پر موجود تھے۔

فرانسیسی حکام نے طیارہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

Scroll to Top