گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے لگے، این ڈی ایم اے نے 3 جولائی تک الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کے پیش نظر 3 جولائی 2026 تک الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے گلیشیائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔

اس کے ساتھ گلیشیائی جھیلوں سے اچانک پانی کے اخراج، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات بھی موجود ہیں۔

الرٹ میں ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال، سوات اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی طور پر محتاط رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب اور فرانس میں فضائی حادثات، 25 افراد جان کی بازی ہار گئے

این ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کے کناروں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

ادھر مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے، ریسکیو وسائل کو فعال رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

Scroll to Top