آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی اور جے یو آئی میں انتخابی اتحاد، مشترکہ امیدواروں کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے باضابطہ سیاسی اتحاد قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

دونوں جماعتوں نے بعض حلقوں میں مشترکہ امیدوار میدان میں اتارنے اور ایک دوسرے کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما چوہدری یاسین نے کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ انتخابی اتحاد ریاستی سیاست میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے دونوں جماعتوں کو سیاسی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حلقہ ایل اے 14 اور ایل اے 23 میں جے یو آئی کے امیدوار دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

اس موقع پر جے یو آئی آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان انتخابی اتحاد قائم ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : راہ چلتی لڑکی سے نازیبا حرکت کرنے والا موٹرسائیکل سوار ملزم گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دو حلقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں کی حمایت کرے گی، جبکہ دیگر تمام حلقوں میں جے یو آئی، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائے گی اور ان کی بھرپور حمایت کرے گی۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہوں گے، جن کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

Scroll to Top