ایران اور امریکا نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا، امریکی نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ

واشنگٹن/تہران: امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی کی ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ نے ایک سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے اسی ہفتے مذاکرات شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر بات چیت کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات متوقع ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق دوحہ میں ہونے والی ملاقات میں آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور زیرِ بحث معاملات کا حل تلاش کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ، ایران ٹورنامنٹ سے باہر، 52 سال بعد کانگو کی تاریخی انٹری

دوسری جانب ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمت کی یادداشت کی مبینہ خلاف ورزی کے باعث ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں شرکت نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو 11 روز گزر چکے ہیں، تاہم دونوں جانب سے دوبارہ حملوں کے باعث صورتحال غیر یقینی کا شکار رہی۔

تازہ پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کی بحالی کی امید پیدا ہوئی ہے۔

Scroll to Top