ملکی توانائی کیلئے خوشخبری، بڑی پیشرفت ،خام تیل کی پیداوار 2 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی

ملکی توانائی کیلئے خوشخبری، بڑی پیشرفت ،خام تیل کی پیداوار 2 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی

ملکی توانائی کے شعبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ سے پہلی بار یومیہ دو ہزار بیرل خام تیل کی پیداوار شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے تیل کے نئے ذخائر کی دریافت اور پیداوار کے آغاز سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ پیداوار کو فوری طور پر نظام میں شامل کرنے کے لیے 4 انچ قطر کی تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھا دی گئی ہے، جس کے ذریعے خام تیل کو ترسیلی نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی ڈیپ-1 (Bobi Deep-1) کنویں سے حاصل ہونے والی یہ یومیہ پیداوار ملک کی توانائی ضروریات میں مددگار ثابت ہوگی اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ماہرین کے مطابق مقامی سطح پر خام تیل کی پیداوار میں اضافہ نہ صرف توانائی کے شعبے کے لیے مثبت پیشرفت ہے بلکہ اس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مزید تلاش اور کھدائی کے منصوبے بھی جاری ہیں تاکہ ملک میں توانائی کے وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جا سکے۔

Scroll to Top