پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہےجس کے تحت صوبے کے بیشتر اضلاع میں یکم سے 5 جولائی تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں، مشینری اور ایمرجنسی سروسز کو ہر وقت الرٹ اور تیار رکھنے کا حکم دیا ہے۔
الرٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے کسان اور مویشی پال حضرات اپنے مال و اسباب اور فصلوں کے تحفظ کے لیے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید برآں، سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی تاکید کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر اس وقت مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1700 پر اطلاع دیں۔





