پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے صارفین کو فوری طور پر اپنے واٹس ایپ نمبر کو ایک فعال اور رجسٹرڈ سم سے منسلک کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سموں پر چلنے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک صارفین کی رسائی کسی بھی وقت جلد ختم ہو سکتی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ، اہم رابطوں، پیغامات اور صارف کی ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ واٹس ایپ نمبر ہمیشہ ایک فعال اور درست طور پر رجسٹرڈ سم سے ہی منسلک ہو۔
اس سلسلے میں اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بات کی تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ایک فعال اور قابلِ استعمال سم پر چل رہا ہے۔ اگر موجودہ سم غیر فعال ہو چکی ہے تو واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر ایک فعال اور تصدیق شدہ سم پر منتقل کیا جائے۔
پی ٹی اے نے مزید واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صارفین اپنے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کا عمل آسانی سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ صارف اکاؤنٹ کے اچانک لاگ آؤٹ ہونے کا انتظار نہ کریں کیونکہ موبائل نمبر اب صرف رابطے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ یہ صارف کی ڈیجیٹل شناخت بن چکا ہے۔





