حکومت نے مری ایکسپریس وے کو 70 کلومیٹر مزید بڑھا کر مظفرآباد تک توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد آزاد کشمیر کو ملک کے مرکزی موٹروے اور ایکسپریس وے نیٹ ورک سے براہ راست جوڑ دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اجلاس میں ہوا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مالی امور اور آئندہ انفراسٹرکچر ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزارت مواصلات کے مطابق اس توسیع سے آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کو جدید، محفوظ اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی، وزیر مواصلات نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں جدید اور محفوظ سفری نظام کے آغاز کی جانب اہم قدم ہے۔
اجلاس میں این ایچ اے کو ہدایت کی گئی کہ نئے منصوبے شروع کرنے کے بجائے جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے جبکہ رواں مالی سال کے دوران 25 اہم منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نےمانسہرہ سے چلاس تک موٹروے تعمیر کرنے کی منظوری دیدی
وزیر نے ایم-8 موٹروے سمیت دیگر اہم منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے ہوشاب آواران روڈ اور آواران نال منصوبے کو بھی تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں این ایچ اے کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے سالانہ 400 ارب روپے آمدن کا ہدف مقرر کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
دوسری جانب مری ایکسپریس وے پر حالیہ حادثات کے پیش نظر سڑک کی بہتری اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔





