آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی یا اضافہ؟ اہم خبر آگئی

آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی یا اضافہ؟ اہم خبر آگئی

وفاقی حکومت آج پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرنے جا رہی ہے،عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت اس بار عوام کو پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرے گی۔

گزشتہ ہفتے بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد عوام کو پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کی توقع تھی، تاہم حکومت نے قیمتیں کم کرنے کے بجائے انہیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر عوامی حلقوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کی جانب سے شدید مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا۔

اب صورتحال یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مزید نیچے آ چکی ہیں۔ گزشتہ جمعہ کو برینٹ کروڈ تقریباً 72.6 ڈالر فی بیرل کے قریب تھا، جبکہ آج یہ تقریباً 71.8 سے 72 ڈالر فی بیرل کے درمیان ٹریڈ کر رہا ہے، یعنی ایک ہفتے کے دوران عالمی قیمتوں میں مزید معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک میں پٹرول کی سرکاری قیمت تقریباً 299.50 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت تقریباً 311.47 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔ جب حکومت نے پٹرول کی قیمت 299.50 روپے مقرر کی تھی، اس وقت عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل تقریباً 77 ڈالر فی بیرل کے قریب تھا، جو اب گر کر 72 ڈالر کی سطح پر آ چکا ہے۔ اس حساب سے عالمی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 5 ڈالر فی بیرل کی کمی آ چکی ہے، اور اگر حکومت نے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں اضافہ نہ کیا تو قیمتوں میں کمی یقینی ہے۔

سفارتی اور معاشی ماہرین کے تخمینے کے مطابق، اگر حکومت عالمی قیمتوں میں حالیہ کمی کا فائدہ صارفین تک منتقل کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 سے 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔ تاہم، اصل کمی کا انحصار آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی ورکنگ، اصل درآمدی لاگت، ٹیکسوں اور حکومتی مالیاتی پالیسی پر ہوگا۔

اگرچہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی پاکستان کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدی لاگت کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے، لیکن حتمی قیمتوں کا انحصار صرف خام تیل پر نہیں بلکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر، فریٹ چارجز، پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں پر بھی ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ

تمام نظریں اب وفاقی حکومت اور اوگرا کے فیصلے پر مرکوز ہیں جو آج نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ اس فیصلے سے واضح ہو جائے گا کہ عالمی منڈی میں گرتی ہوئی قیمتوں کا فائدہ عوام تک پہنچتا ہے یا حکومت ایک بار پھر موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا انتخاب کرتی ہے۔

Scroll to Top