مسافر نے ژوب بس حادثے کی تہلکہ خیز وجہ بتادی

بلوچستان کے علاقے ژوب (شیرانی) میں پیش آنے والے ہولناک بس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے ڈرائیور پر انتہائی سنگین الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی جان بوجھ کر کھائی میں گرائی۔

نجی ٹی وی کے مطابق شیرانی کے قریب دانہ سر کے مقام پر ہونے والے اس حادثے کے ایک زخمی مسافر کا ویڈیو بیان منظرِ عام پر آیا ہے جس میں اس نے واقعے کی پسِ پردہ کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ بس ڈرائیور گاڑی میں ایرانی ڈیزل کے ڈبے لوڈ کر کے پشاور جا رہا تھا تاہم شیرانی کے مقام پر قائم ایک چیک پوسٹ پر سیکیورٹی حکام نے یہ غیر قانونی ڈیزل پکڑ لیا۔

زخمی مسافر کے مطابق ڈیزل پکڑے جانے کے بعد ڈرائیور سخت غصے میں تھا اور اسی معاملے پر اس کی مسافروں کے ساتھ مبینہ طور پر شدید تلخ کلامی اور بحث تکرار ہوئی۔

مسافر نے الزام لگایا کہ اسی تلخ کلامی اور غصے کے نتیجے میں ڈرائیور نے مبینہ طور پر جان بوجھ کر پوری کوچ کھائی میں اتار دی۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ، ژوب میں مسافروں سے بھری بس کھائی میں جا گری

واضح رہے کہ آج بلوچستان کے علاقے ژوب میں مسافر بس کھائی میں گرنے کا یہ ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 40 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس سنگین واقعے اور مسافروں کے بیانات سامنے آنے کے بعد، وزیراعلیٰ بلوچستان نے بس حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

Scroll to Top