بی آئی ایس پی مستحق خواتین کے لیے بڑا اعلان

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے رجسٹرڈ مستحق خواتین کے لیے اہم الرٹ جاری کرتے ہوئے نئی ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق ضروری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

بی آئی ایس پی کے مطابق جن خواتین نے ابھی تک بے نظیر دفتر سے اپنی سم حاصل نہیں کی، وہ پہلے اپنی سم وصول کریں اور سم ملنے کے 10 سے 12 روز بعد امدادی رقم وصول کرنے کے لیے رجوع کریں۔

پروگرام حکام کے مطابق اب امدادی قسط کی ادائیگی والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی، جس کے بعد مستحق خواتین کو کسی مخصوص تاریخ یا وقت کی پابندی نہیں ہوگی۔ خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی مجاز مقام سے اپنی رقم حاصل کر سکیں گی۔

بی آئی ایس پی کا کہنا ہے کہ رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہونے پر مستحقین کو موبائل فون پر ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں جمع ہونے والی رقم، نکلوائی گئی رقم اور بینک چارجز یا فیس کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔

پروگرام کے مطابق 14 ہزار 500 روپے کی قسط پر بینک چارجز 280 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مہنگائی میں کمی، مگر 23 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ امدادی رقم اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی، اس لیے مستحق خواتین کو جلد بازی کرنے کی ضرورت نہیں۔ وہ اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق کسی بھی وقت مکمل یا جزوی رقم نکلوا سکتی ہیں، جبکہ رقم اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی۔

بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین اور عوام سے تعاون اور صبر کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی اور پہلی مرتبہ والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی کے نظام کے باعث ابتدائی مرحلے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، لہٰذا کسی قسم کی جلد بازی سے گریز کیا جائے۔

Scroll to Top