مہنگائی میں کمی، مگر 23 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں

اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.98 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم اس کے باوجود 23 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سامنے آیا، جبکہ 11 اشیاء سستی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 13.52 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو افراطِ زر کے مسلسل دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے صارفین کو جزوی ریلیف ملا، تاہم دوسری جانب روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 125.40 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز، آلو، انڈے اور آٹے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب چند اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی، جن میں چکن، کیلے اور مونگ کی دال شامل ہیں۔

سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو ٹماٹر، پیاز اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بجلی کے بنیادی ٹیرف اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ سامنے آیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق بعض اشیاء سالانہ بنیادوں پر سستی بھی ہوئیں، جن میں آلو، چنے کی دال اور چینی شامل ہیں۔

Scroll to Top