الیکٹرک موٹرسائیکل خریدنے والوں کیلئے حکومت کی طرف سے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے سال 2030 تک الیکٹرک وہیکلز (EVs) کی تعداد 22 لاکھ تک پہنچانے کا اسمارٹ ہدف مقرر کر دیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کو دی گئی ایک اہم بریفنگ میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر مراعات اور اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق حکومت نے دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک سواریوں کی خریداری کے لیے 9 ارب روپے کی خطیر سبسڈی مختص کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت الیکٹرک موٹر سائیکل خریدنے کے خواہشمند شہریوں کو فی موٹر سائیکل 80 ہزار روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گیجس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگے پیٹرول سے نجات اور سستی الیکٹرک سواری کا حصول انتہائی آسان ہو جائے گا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان اس وقت ای وی ٹیکنالوجی کی طرف تیزی سے گامزن ہے اور اب تک مقامی سطح پر 12 ہزار 800 سے زائد الیکٹرک گاڑیاں جبکہ 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد الیکٹرک موٹر سائیکلیں تیار کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایم پی اے آصف خان محسود کے اغوا کی خبریں من گھڑت ہیں، معاون خصوصی برائے داخلہ طارق سعید مروت

ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹرک وہیکلز کا یہ فروغ نہ صرف ملکی زرمبادلہ کی بچت اور قیمتی فنڈز کی لاگت میں کمی لائے گابلکہ فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہو گا۔

Scroll to Top