پاکستان کی سفارتکاری کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی، خطے میں امن اور مذاکرات کے لیے مثبت کردار ادا کیا، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور اس نے ہمیشہ سفارتی حل کو ترجیح دی ہے، خطے میں استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ہے۔

بونیر کے علاقے شلبانڈ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مؤثر دفاع کیا اور قومی مفادات کا بھرپور تحفظ کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور ملک نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، قومی قیادت نے سفارتی اور دفاعی دونوں محاذوں پر مؤثر حکمت عملی اپنائی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بیوروکریسی کو آخری وارننگ جاری کر دی

انہوں نے سیاسی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری نے ملک کے دفاع اور سیاسی استحکام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

گورنر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل، سیاحت اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے اور یہاں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی ممکن نہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈٰی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھلا ہے اور عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Scroll to Top