پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران میں منعقدہ تقریبِ خراجِ عقیدت میں اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی شرکت پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم قرار دیا۔
اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ اس تقریب میں پاکستان کی بھرپور اور اعلیٰ سطحی نمائندگی دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نمائندگی ایران کے لیے نہایت قابلِ قدر ہے۔
رضا امیری مقدم کے مطابق تقریب میں شریک پاکستانی وفد نہ صرف اعلیٰ ترین سطح کا تھا بلکہ تمام غیر ملکی وفود میں سب سے بڑا وفد بھی تھا، جس پر ایران پاکستان کا تہہ دل سے شکر گزار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر ایران روانہ، مگر قائم مقام گورنر کیوں مقرر نہ ہو سکے؟ 48 گھنٹوں سے اہم عہدہ خالی
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستانی سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ثقافتی شخصیات کی شرکت نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں اور مستقبل میں یہ روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، جو ان کے مضبوط تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔





