خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کاخدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں آج سے ایک نئے اور فعال موسمی نظام کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کی توقع ہے۔

7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار اور آزاد کشمیر میں بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بھی بارشیں مزید تیز ہو سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیمز میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ علی خامنہ ای کے آخری دیدار کا سلسلہ جاری، تعزیتی تقریبات کا شیڈول جاری

تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ فی الحال بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

Scroll to Top