بلوچستان کے علاقے زیارت میں دہشتگردوں کی جانب سے پولیس چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 15 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے زیارت کے علاقے کچھ مانگی میں پولیس پوسٹ پر حملہ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
آپریشن کے دوران 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا اور دہشتگرد عناصر کا خاتمہ کرنا تھا۔
دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں 9 بہادر پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں 2 ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔ شہید اہلکاروں نے شدید فائرنگ کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے پولیس چوکی کا دفاع کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی قربانی دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں، انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز مزید تیز کیے جائیں گے تاکہ دہشتگرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور امن دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
حکام کے مطابق پاکستان اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ متحد ہے، جبکہ بلوچستان میں امن، استحکام اور عوام کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔





