پاکستان اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی سونا مزید سستا ہو گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 30 ہزار 236 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں 4 ہزار 29 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 68 ہزار 858 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی 138 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 421 روپے پر آ گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 47 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 78 ڈالر پر آ گیا، جس کے اثرات مقامی صرافہ بازار پر بھی دیکھنے میں آئے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قدر، سرمایہ کاروں کے رجحان اور بین الاقوامی معاشی حالات مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ مسلسل پانچویں روز قیمتوں میں کمی نے خریداروں کی توجہ ایک بار پھر سونے کی مارکیٹ کی جانب مبذول کرا دی ہے۔





