ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کا سلسلہ برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے اسلام آباد کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور موسم میں جزوی تبدیلی کی پیشگوئی کی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کے باوجود موسم میں تبدیلی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مختصر بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ بعد ازاں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اور کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ دوپہر کے وقت گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جہاں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر کا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جا رہی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خصوصاً دھوپ میں کام کرنے والے افراد ہیٹ اسٹریس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔





