پشاور:خیبر پختونخوا کی نئی صوبائی حکومت نے سیاسی نعرے بازی اور کھوکھلے دعوؤں کے برعکس عملی اقدامات کی نئی مثال قائم کر دی۔
پی ٹی آئی کے دورِ حکومت کا سالوں سے التوا کا شکار اہم ترین ترقیاتی منصوبہ صرف 10 دن کے ریکارڈ وقت میں مکمل کر کے عوام کے حوالے کر دیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مردان کی اہم ترین بخشالی روڈ پچھلے 6 سال سے بدترین تاخیر کا شکار تھی اور سابقہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث سنگین سیاسی و عوامی مسئلہ بنی ہوئی تھی۔
تاہم نئی صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی عوامی مسائل کے حل پر مرکوز اپنی حکمتِ عملی کے تحت دن رات ایک کر کے اس منصوبے کو محض 10 روز میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ میں جامعات میں ترجمۂ قرآن سے متعلق ایچ ای سی کا اعلامیہ چیلنج
ترجمان کے مطابق صوبائی حکومت کا بنیادی فوکس سیاسی نعروں کے بجائے عملی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر ہے۔
بخشالی روڈ کی تیز رفتار اور معیاری تکمیل خیبر پختونخوا کی نئی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا روشن ثبوت ہے۔
سڑک کی تعمیر مکمل ہونے سے مردان اور گردونواح کے ہزاروں شہریوں کو بہترین اور باوقار سفری سہولیات میسر آ گئی ہیں۔
شہریوں اور علاقہ مکینوں نے سالوں پرانی مصیبت سے 10 دن میں نجات دلانے پر نئی صوبائی حکومت کے اس اقدام کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔





